لکھنو؍اناؤ، 15فروری(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)سماج وادی پارٹی(ایس پی)صدر اور اتر پردیش کے وزیر اعلی اکھلیش یادو نے عوام کو اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے بعد بی جے پی سمیت کسی بھی پارٹی سے کوئی تال میل نہ کرنے کا دعوی جتانے والی بہوجن سماج پارٹی(بی ایس پی)سربراہ مایاوتی کے جھانسے میں نہیں آنے کا مشورہ دیتے ہوئے آج کہا کہ بی ایس پی کی لیڈر کب کس سے سمجھوتہ کر لے، کچھ نہیں کہا جا سکتا۔وزیر اعلی نے اناؤ کے بانگرم میں ایس پی امیدوار کی حمایت میں منعقد انتخابی ریلی میں کہاکہ یہ پتھر والی حکومت بھی دھوکہ دینے کے لئے تیار ہے۔آج آپ نے اخبار میں پڑھا ہوگا کہ ہماری پھوپھی(مایاوتی)نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں بیٹھیں گے،ہم حکومت نہیں بنائیں گے،ابھی تو دوسرے مرحلے کی ووٹنگ ختم نہیں ہوئی اور وہ پہلے سے ہی اپوزیشن میں بیٹھنے لگیں۔یاد رکھنا کہ انھوں نے لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو بی ایس پی کا ووٹ دلوا دیا تھا،بہت ہوشیار رہنا اس پتھر والی حکومت کی لیڈر سے۔انہوں نے کہاکہ اس پتھر والی حکومت کے جھانسے میں نہیں پڑنا،یہ کب کس سے سمجھوتہ کر لے، کچھ پتہ نہیں،وہ(مایاوتی)پہلے بھی(بی جے پی کے ساتھ)رکشا بندھن منا چکی ہیں، کیا پتہ، کہیں پھر سے نہ منا لیں۔واضح رہے کہ مایاوتی نے کل اپنی ریلیوں میں کہا تھا کہ بی جے پی نے سوشل میڈیا پر افواہ پھیلائی ہے کہ بی ایس پی انتخابات کے بعد اس کے ساتھ اتحاد کرکے حکومت بنائے گی۔دراصل بی ایس پی کسی بھی پارٹی کو نہ تو حمایت دے گی اور نہ ہی لے گی،اس کے بجائے وہ اپوزیشن میں بیٹھنا پسند کرے گی۔نوٹ بندی کے معاملے پر مرکز کی نریندر مودی حکومت کو گھیرتے ہوئے اکھلیش نے کہا کہ 500اور ہزار روپے کے نوٹ بند کر کے پورے ملک کو قطار میں کھڑا کر دیا گیا،دولت بینکوں میں جمع کر لی گئی اور دہشت گردی بھی ختم نہیں ہوئی۔